ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چلتی ٹرین پرچوری کی واردات؛ بھٹکل ریلوے پولس کی مستعدی؛ فرار ہونے سے پہلے ہی کیا دو لُٹیروں کو گرفتار

چلتی ٹرین پرچوری کی واردات؛ بھٹکل ریلوے پولس کی مستعدی؛ فرار ہونے سے پہلے ہی کیا دو لُٹیروں کو گرفتار

Tue, 28 May 2019 12:07:14    S.O. News Service

بھٹکل 28/مئی (ایس او نیوز)  مہاراشٹرا کے تھانہ سے کیرالہ کے کنھنگڈ جانے والے ایک مسافر کی بیگ لے کر فرار ہونے والے دو چوروں کو  بھٹکل ریلوے پولس کی مستعدی سے  مرڈیشور میں ہی گرفتار کرلیا گیا اور اُن کے پاس سے  مسافر سے چھینی ہوئی بیگ اور اُس میں رکھی گئی نقد رقم سمیت تمام چیزیں برآمد کرلیں گئیں۔  چوری اور گرفتاری کی واردات  پیر کی  رات کو پیش آئی۔

ریلوے پولس حکام نے بتایا کہ  بھٹکل ریلوے پولس کی خاتون کانسٹیبل ششی کلا کو ٹرین پر موجود  ریلوے اسٹاف سی ٹی انل کے ذریعے رات قریب 02.08 بجے  مسیج موصول ہوا  کہ  ٹرین نمبر 16345، کوچ نمبر S/9 سیٹ نمبر 56 کے مسافر الیکس جوسف کی ایک بیگ چوری کی گئی ہے   یہ مسافر  ریاست کیرالہ کے کاسرکوڈ کا رہنے والا ہے اور وہ  تھانہ سے کنھنگڈھ جانے کے لئے  ٹرین پر سوار ہے۔ مسیج میں بتایا گیا کہ  چوری کی واردات ٹرین مرڈیشور پہنچنے سے کچھ دیر پہلے  پیش آئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی  کانسٹیبل ششی کلا حرکت میں آگئی اور اپنے دیگر اسٹاف کے ساتھ بذریعہ روڈ مرڈیشور  ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی، ریلوے اسٹیشن کو چھان مارا گیا اور نشاندہی کئے گئے دو لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی، مگر ریلوے اسٹیشن پر کوئی سراغ نہیں مل سکا، یہاں سے ٹیم  فوری طور پر مرڈیشور بس اسٹاپ پہنچی جہاں  دو لوگوں کو  مشکوک حالت میں پایا گیا جو بس کے انتظار میں تھے۔

دونوں کو مرڈیشور ریلوے اسٹیشن لایا گیا اورشناخت کرنے کے لئے شکایت کنندہ سے فون کرکے مزید جانکاری لی گئی بعد میں مرڈیشور  ریلوے اسٹیشن پر لگے سی سی ٹی وی فوٹیج سے  بھی معلوم ہوگیا کہ یہ  دونوں مسافر مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پرہی اُترے تھے۔ جب ان کی بیگوں کی تلاشی لی گئی تو متعلقہ بیگ بھی  برآمد کرلی گئی جن میں  نقد رقم 18520 روپیہ ، دو موبائل، دو اے ٹی ایم کارڈس،  شکایت کنندہ الیکس جوسف کے چار شناختی کارڈ (آدھار کارڈ، پان کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس)  اور تین  چوڑیاں شامل ہیں۔

بعد میں برآمد کی گئی تمام چیزوں کے ساتھ دونوں چوروں کو مرڈیشور پولس کے حوالے کیا گیا۔

 دونوں کی شناخت اُترپردیش کےبستی کے رہائشی  سلمان انصاری (25) اور  اُترپردیش کے ہی  بلرام پور کے رہائشی  سُہیل خان (22) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ یہ دونوں  فی الحال مڈگائوں، گوا میں رہ رہے تھے۔

مرڈیشور پولس تھانہ میں دونوں ملزموں کے تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ مزید کاروائی جاری ہے۔


Share: